کلبھوشن کیس، بھارتی وکیل کے الزامات مسترد: عالمی عدالت کے فیصلے پر مکمل عمدرآمد کیا: پاکستان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے کلبھوشن یادیو مقدمے میں بھارتی وکیل کے بیان کو حقائق کے منافی اور غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ ہم نے کلبھوشن یادیو مقدمے میں بھارتی وکیل ہریش سالوے کے 3 مئی 2020ء کے آن لائن لیکچر کے دوران دیا گیا بیان دیکھا ہے۔ ’بھارت عالمی عدالت انصاف سے دوبارہ رجوع کرسکتا ہے‘ کی تجویز دیتے ہوئے سالوے نے اپنی گفتگو میں کئی ایسی باتیں کی ہیں جو مقدمے کے حقائق کے برعکس ہیں۔ ہم بھارتی وکیل کے اس بے بنیاد اور غلط الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہیں کہ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی پاسداری نہیں کی۔ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کیا اور مقدمے کی کارروائی آگے بڑھنے پر اسی انداز پر کاربند رہے گا۔ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے میں فراہم کردہ رہنمائی کے مطابق پاکستان نے کمانڈر یادیو کو بھارتی قونصلر رسائی فراہم کی اور موثر جائزے کے لئے اقدامات زیرعمل ہیں۔ ذمہ دار ریاست کے طورپر پاکستان عالمی ذمہ داریوں پر پوری طرح کاربند اور عمل پیرا ہے۔ یہ امر افسوسناک ہے کہ سالوے نے حقائق کے منافی اور غلط بیان دیا۔