• news

مائوں کا عالمی دن منایاگیا، پاک فضائیہ نے پرومو جاری کردیا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘نوائے وقت نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں اتوار کو ماؤں کے دن کے طور پر منایا گیا۔ یہ دن ماؤں کے نام ہوتا ہے۔ ماں وہ ذات ہوتی ہے جو نسل انسانی کو ناصرف آگے بڑھاتی ہے بلکہ اس کی گود ہی انسان کی پہلی تعلیمی درسگاہ ہوتی ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ماں کے مقدس رشتے کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کرنا اور ماں کے لئے عقیدت‘ شکر گزاری اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ اس دن بچے اپنی ماں کو خوش کرنے کے لئے خاص اہتمام بھی کرتے ہیں۔ وہ اپنی ماں کو تحائف بھی پیش کرتے ہیں جو روایتی پھولوں سے لے کر تہنیتی کارڈز اور قیمتی چیزوں تک محیط ہوتے ہیں۔دریں اثناء پاک فضائیہ کی جانب سے مدرز ڈے کے موقع پر ماں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پرومو جاری کر دیا گیا۔ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ آج جب پوری دنیا میں مدرز ڈے منایا جا رہا ہے، پاک فضائیہ کی خواتین نے بھی دنیا کی اس سب سے زیادہ پیار کرنے والی ہستی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک پرومو جاری کیا ہے جس میں آنے والی نسلوں کی تربیت میں ماں کے کردار کو سلام عقیدت پیش کیا گیا ہے۔یہ پرومو خصوصی طور پر میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ان پاکستانی ماؤں کے عزم و حوصلے کو خراج عقیدت ہے جو کرونا کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کے طور پراپنی بے لوث خدمات پیش کر رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن