ہر ماں کو سلام‘ انمول رشتہ: شہباز شریف‘ روز مدرز ڈے ہوتا ہے: مریم نواز
لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماں ایک انمول رشتے کا نام ہے جو سراپا محبت اور وفا ہوتی ہے ،خالق کائنات نے انسان سے اپنے تعلق کو بھی ماں کے رشتے سے تعارف بخشا ہے جس سے اس کے مرتبہ کا اندازہ ہوتا ہے۔ ماؤں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا ماں ایک سانجھے رشتہ کا نام ہے اور انسان کی جائے پناہ ہے۔ ہر ماں کو سلام ہے جس کی محبت، شفقت، وفا، قربانی اور خلوص سے ہی زندگی سانس لے رہی ہے۔ اللہ تعالی نے ماں کے پیروں کے نیچے جنت رکھ کر پیغام دیا کہ ہم نے ماں کو راضی کر لیا تو رب راضی ہو جائے گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ماں کے ادب، اس سے محبت، اور خدمت کی بہترین مثال ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ماؤں کے عالمی دن پر اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ’’ میری زندگی کا ہردن ماں کا دن ہے، مجھے یہ سکھانے کا شکریہ کہ خوف کوئی آپشن نہیں ہوتا‘‘۔ اتوار کو ماؤں کے عالمی دن پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازشریف نے اپنے ٹویٹ میں اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کے ہمیں چھوڑ کرگئے تقریباً دوسال ہوچکے ہیں، دو سال میں ایک لمحہ بھی ایسا نہیں گزرا جب میں نے آپ کو دکھ سے یاد نہ کیا ہو‘‘۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ ’’آپ کی یادیں اور تربیت مجھے مشکل وقت سے نکال رہی ہیں، مجھے یہ سکھانے کا شکریہ کہ خوف کوئی آپشن نہیں ہوتا‘‘۔ مریم نواز نے ماؤں کے عالمی دن پر کہا کہ میری زندگی کا ہر دن ماں کا دن ہے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ آپ کی یادیں اور تربیت مجھے مشکل وقت سے نکال رہی ہیں۔ جبکہ انہوں نے اپنے والد اور والدہ کے ساتھ یادگار تصاویر بھی شیئر کیں۔