ہارون رشید کی غلطی‘ڈومیسٹک کرکٹرز کو2کی بجائے ایک ماہ کی تنخواہ ملی
لاہور(چودھری اشرف) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کی غلطی کی وجہ سے پی سی بی کو ڈومیسٹک کرکٹرز کی پڑنے والے دو ماہ کی تنخواہ میں سے ایک ادا کر دی گئی جبکہ دوسری تنخواہ آئندہ چند روز تک ادا کر دی جائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کی منظوری یکم اگست 2019ء کو ہوئی تھی جس کی بنا پر پاکستان کا ڈومیسٹک سیریز دو ماہ تاخیر کا شکار ہو گیا تھا۔ اس وقت کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ یکم جولائی سے جاری کر دیئے تھے۔ ڈومیسٹک سیزن کا آغاز یکم ستمبر سے ہونے کی بنا پر پی سی بی کو ڈومیسٹک کرکٹرز کی جولائی اور اگست کی تنخواہیں بھی پڑ گئی تھیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسے غلطی قرار دینے کے بجائے اس بات کا فیصلہ کیا تھا کہ ان کرکٹرز کو بعد میں دو ماہ کی تنخواہ دیدی جائے گی۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاون کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہونے کی بنا پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹرز کی مدد کرنے کیلئے انہیں جولائی اور اگست کی تنخواہیں ادا کرنے کا فیصلہ کیا اور چند روز قبل ان کرکٹرز کو جولائی کی تنخواہ ادا کر دی گئی جبکہ اگست کی تنخواہ بھی اگلے چند روز میں ڈومیسٹک کرکٹرز کو مل جائے گی۔