• news

ہفتے میں 3چھٹیوں سے بازاروں میں رش ہوگا‘ حکومت نظر ثانی کرے: انجمن تاجران

لاہور(کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران نے حکومت کی جانب سے مارکیٹیں اور بازار ہفتے میں چا ر دن کھولنے کی اجازت کے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخصوص دنوں اور محدود وقت کی پابندی کی وجہ سے بازاروں اور مارکیٹوں میں معمول سے زیادہ رش ہو جائے گا۔ حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور عید الفطر کے دنوں میں محدود وقت کے ساتھ پورا ہفتہ مارکیٹیں اور بازار کھولنے کی اجازت دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر اشرف بھٹی نے انجمن تاجران کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے طے کردہ تمام ایس او پیز طے کئے ہیں ہم اس پر مکمل عملدرآمد کریں گے اور خریداری کیلئے آنے والوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچائو کے لئے حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہوں۔ حکومت ایس او پیز کی بھرپور تشہیر بھی کرے تاکہ لوگوں کو اس سے آگاہی حاصل ہو۔ دریں اثناء لاہور چیمبر میں ایک ہنگامی اجلاس کے موقع پر مارکیٹوں، صنعتی اور تجارتی ایسوسی ایشنز کے سو سے زائد عہدیداروں اور نمائندوں نے چھوٹی مارکیٹیں و دکانیں کھلوانے اور تاجروں کو معاشی طور پر مفلوج ہونے سے بچانے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کوششوں کو بھرپور طریقے سے سراہا اور حکومت کی جانب سے بنائے گئے ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، سابق صدر محمد علی میاں، ایس ایس پی سکیورٹیز فیصل شہزاد، بلال ظفراور مارکیٹوں، صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور نمائندوں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ لاہور چیمبر کی محنت اور انتھک کوششیں رنگ لائیں اور حکومت نے ہفتے میں چار روز کے لیے مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے دی۔ حکومت کی جانب سے لاہور چیمبر کے مطالبات تسلیم کرنے کا خیر مقدم اور تمام تاجروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ان کے معاشی مسائل ختم ہونے سے ملک کی معیشت کو فائدہ ہوگا۔ تاجرکرونا کے خاتمے کے لیے کریں اور ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ عرفان اقبال شیخ نے توقع ظاہر کی کہ حکومت شاپنگ مالز اور میگا ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو بھی ایس او پیز کے تحت کام کرنے کی اجازت دے دے گی کیونکہ ان کے معاشی مسائل بھی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ ایس ایس پی سکیورٹیز فیصل شہزاد نے کہا کہ گاہکوں اور دکانداروں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیس ڈیپارٹمنٹ بازاروں اور مارکیٹوں کے تاجروں سے مکمل رابطے میں رہے گا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے تاجر برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر محمد علی میاں خالد پرویز، اشرف بھٹی، محبوب سرکی، بابر محمود، خواجہ عامر، حاجی محمد حنیف، ذیشان خلیل، طاہر منظور چودھری، ملک محمد خالد، خامس سعید بٹ، چودھری فیاض، حاجی اشفاق، یونس بیگ، سہیل سرفراز منج، خواجہ اعجاز احمد، تنویر جٹ، عاصم انعام مگوں، جاوید بھٹی، میاں اسحاق، محمد عاطف، چودھری ریحان، رفعت علی سنی، شہزاد اقبال، خادم حسین، حاجی افضل، شہزادہ سلیم، سلیم بٹ، حافظ سجاد، عامر آفتاب ملک، ملک کلیم احمد، میاں سلیم، جمشید کھوکھر، فہیم الرحمن سہگل، میاں احسن سعید، ارشد خان، حارث عتیق، اورنگزیب اسلم، اکرم مہر، رانا نثار، شاہد اسلم، ملک خالد، شیخ عمر حیات، شیخ سجاد افضل، نعیم حنیف، ذیشان سہیل ملک، محمد چودھری، میاں خلیل عبیر، شاہد نذیر، شیخ خضر حیات، میاں طارق فیروز، حاجی فرخ اقبال، رانا مجاہد اسلام، رانا ندیم عباس، طیب رشید، غلام سرور ہجویری، حاجی محمد اکرم، راحت علی، عمران اشرف میر، زبیر انصاری، خرم لودھی، رمضان گجر، نعیم خان و دیگر نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مرکزی انجمن تاجران نے آج سے تمام بازار اور مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان گزشتہ روز مرکزی تنظیم تاجران کے ہنگامی اجلاس میں تمام تاجر تنظیموں کے صدور و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صدر خواجہ انوار احمد شیخ، چیئرمین میاں فضل الرحمن، صدر صرافہ ایسوسی ایشن سیٹھ ذوالفقار احمد، حاجی نعیم شیخ، ایم عارف یوسف، صدر پرچون بازار ملک ذوالفقار بھٹو، محمد راشد، صدر کھنڈ بازار شاہد بٹ ، صدر ٹرن بازار حنان عارف، صدر لوہا بازار سکندر بٹ، صدر سید نگری بازار حاجی محمد عارف کمبوہ، صدر بازار کباڑیاں حاجی شکیل احمد، صدر ریل بازار حاجی محمد صدیق، صدر سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ چوہدری عدنان جمیل سمیت دیگر تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران کے صدر خواجہ انوار احمد شیخ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ہفتہ میں 4روز کاروبار کھولے جائیں گے اور حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ تمام دکاندار اور ملازمین ماسک، گلوز اور سینی ٹائزر کا استعمال کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن