رانا ثنائ‘ مریم اورنگزیب نے صحت سہولیات پر جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کی کوشش کی: فیاض چوہان
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں رانا ثناء اللہ اور مریم اورنگزیب کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کو ملک میں صحت کی سہولیات میں کمی کا ذمہ دار ٹھہرانے کو ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا کے مصداق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ اور مریم اورنگزیب نے بار بار ایک جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کی کوشش میں گوئبلز، چانکیا اور میکاولی کی سیاست کو زندہ کیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کرونا وائرس نے پنجاب میں آل شریف کے چالیس سال عموماً اور خصوصاً گزشتہ دس سالہ دور اقتدار کے گڈ گورننس کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالا تو پنجاب میں محکمہ صحت کے پاس صرف دو سو وینٹی لیٹرز تھے اور پورے صوبے میں وبائی امراض کے علاج کے لیے ایک بھی ہسپتال نہیں تھا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ پنجاب میں سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پہلے سال نو ہسپتالوں کی تعمیر شروع کی۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ فواد چوہدری کی سربراہی میں آج پاکستان میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی وینٹی لیٹرز بنا بھی رہی ہے اور ایکسپورٹ بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب کے ہر ہسپتال میں کرونا کے خلاف حفاظتی ماسک، دستانے، پی پی ایز اور ضروری آلات موجود ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مریم اورنگزیب کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے نام نہاد خادم اعلٰی کرونا سے ڈر کے ایک کمرے میں چھپے بیٹھے ہیں۔ اپنے لیڈر کے دل سے کرونا کا خوف دور کرنے کے لیے انڈوں سے انکی آرتی اتروائیں۔ فیاض الحسن چوہان نے امید ظاہر کہ کہ شہباز شریف بطور قائد حزب اختلاف ملک میں کرونا کے خلاف کچھ کرتے نظر آئیں گے۔