• news

اربوں کے ادویات سکینڈل کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے صحت عامہ کے شعبے کی تباہی کا ذمہ دار وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ اربوں روپے کے ادویات سکینڈل کی شفاف تحقیقات ہوسکیں۔ وزیراعظم عمران خان وزیر صحت عمران خان کی کرپشن کا جواب دیں۔ اتوار کو بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیر صحت عمران نیازی نے دو سال میں ہر شعبہ کی طرح صحت کے شعبے کا بھی بیڑہ غرق کردیا ہے۔ وزیر صحت عمران خان کی وجہ سے اسلام آباد کے ہسپتالوں کی مینجمنٹ کا برا حال ہے۔ ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملہ ہتھیاروں کے بغیر کرونا کی خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ وزیرصحت عمران خان اب تک مستقل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ تعینات نہیں کرسکا۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں شروع ہونے والے صحت کے 20 منصوبوں کو موجودہ حکومت نے ختم کردیا۔ وزیراعظم نواز شریف کے شروع کردہ صحت کارڈ کو انصاف صحت کارڈ میں بدل دینا ہی عمران صاحب کی واحد کارکردگی ہے۔ کرونا کی وبا میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کے قائم کردہ صحت کے ادارے عوام کی خدمت میں فہرست ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے 2018ء میں پی کے ایل آئی قائم کیا تھا۔ پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی لیبارٹری (پی ایف ایس) وزیراعلی شہبازشریف نے جرائم کی جدید خطوط پر تحقیق اور انصاف کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے قائم کی تھی۔ انکی قیادت میں قائم ہونے والے تین اداروں ہیپاٹائٹس پروگرام لیبارٹری، پی کے ایل آئی اور فارنزک سائنس ایجنسی نے مجموعی کرونا ٹیسٹس میں سے 85 فیصد ٹیسٹ کئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن