• news

بلوچستان میں غربت‘ بیروزگاری کے ذمہ دار بدعنوان عناصر ہیں: سراج الحق

کوئٹہ (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرونا کی عالمی وبا کے باجود استغفار، رجوع الی اللہ کا رویہ اختیار نہ کرنا، بدعنوانی کی روش اختیار کرتے ہوئے گناہوں سے توبہ نہ کرنا مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہاہے۔ بلوچستان میں غربت بے روزگاری کے ذمہ دار بدعنوان عناصر ہے، بلوچستان وسائل سے مالامال مگر نہ صوبے کے عوام کو دیانت دارجمہوری حکومت ملی نہ وسائل کو عوام پر خرچ والی دیانت دار ٹیم ملی ۔ مخیرحضرات کے تعاون سے جماعت اسلامی والخدمت کے رضاکار وکارکنان ہر ضلع میں ریلیف ورک میں موجود ہیں۔ کرونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاط، صفائی، اللہ سے رجوع، خصوصی عبادتوں ودعائوں کا اہتمام اور مستحقین، یتیموں بیوائوں کی بھر پور مدد کی جائے۔ نیشنل ولوکل میڈیا کو الخدمت جماعت اسلامی کی عوامی فلاحی خدمات، عطیات جمع کرنے میں بھر پور ساتھ دینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے بلوچستان میں کرونا وائرس، لاک ڈائون، حکومتی امداد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیا ل کیا۔ الخدمت فائونڈیشن ،جماعت اسلامی کے ریلیف ورک ،اضلاع میں کام، ٹیم فعالیت، کوئٹہ میں کام، میڈیا کوریج سے بھی صوبائی سیکرٹری اطلاعات سے رپورٹ لے لی۔

ای پیپر-دی نیشن