امریکی سفیر کا بیان قابل مذمت، الفاظ کے ہیرپھیر سے واشنگٹن کی نفرت چھپ نہیں سکتی: فلسطینی وزارت خارجہ
رملہ(صباح نیوز)فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈمین کے الفاظ کے ہیر پھیر سے امرکی انتظامیہ کی فلسطینیوں سے نفرت اور دشمنی نہیں چھپ سکتی۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رملہ میں وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین کے الخلیل شہر سے متعلق ایک بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر کے الفاظ ہی فلسطینیوں کے خلاف نفرت کے اظہار کے لیے کافی ہیں۔ الفاظ کے ہیر پھیر سے امریکہ فلسطینیوں سے اپنی دشمنی پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ امریکی سفیر کا الخلیل سے متعلق متنازعہ بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ کھلے عام فلسطینی قوم کے حقوق کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین اور عالمی اصولوں کی بھی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ امریکی سفیر کا بیان اسرائیل کے انتہا پسند اور دائیں بازو کے مذہبی نظریات کی حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی موجودہ پالیسی توسیع پسندانہ، استعماری اور نسل پرستانہ ہے جس میں فلسطینی قوم کے حقوق کو دانستہ طورپر پامال کیا جا رہا ہے۔فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا جب امریکہ آزادی اور حریت کی بات کرتا ہے تو اس کی مراد فلسطینیوں کی آزادی نہیں بلکہ اسرائیل کو استعماری اور نسل پرستانہ جرائم کی آزادی دینا ہے۔