• news

سنگین غلطی: ایرانی بحریہ نے اپنے ہی شپ پر میزائل داغ دیا، 19اہلکار جاں بحق، 15زخمی

تہران (این این آئی+ انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کی بحریہ نے مشقوں کے دوران اپنے ہی بحری جہاز پر میزائل داغ دیا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار نیوی کے 19 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب فوجی مشقوں کے دوران خلیج عمان میں میزائل کو ہدف کی طرف فائر کیا گیا لیکن وہ قریب ہی موجود ایران کی سپورٹ شپ کو جالگا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار 19 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ یہ سنگین غلطی ہے عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ واقعہ خلیج عمان میں تہران کے جنوب مشرق میں واقع جسک پورٹ کے قریب پیش آیا۔ جسک اور چاہ بہار کے پانی میں نیوی کی مشقیں جاری تھیں اور اس دوان ایک سپورٹ شپ میزائل کا نشانہ بن گئی۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز اپنے ہدف کو نشانہ بنارہا تھا کہ شپ ہدف کے انتہائی قریب تھی جس سے واقعہ پیش آیا، حادثے کا شکار بننے والی شپ کو 2018 میں تیار کیا گیا تھا جو سمندر سے میزائل فائر کرنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔ تاہم ترک ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز میں 40 سے زائد سیلرز موجود تھے جن میں سے 20 ہلاک ہوئے۔ ترک خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے واقعے کو انسانی غلطی قرار دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن