• news

سندھ حکومت کرونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس پر گورنر کے اعتراض دور کردیئے: بجلی، گیس بلز میں رعایت کی شق خارج

کراچی (نوائے وقت نیوز) حکومت سندھ نے کرونا ریلیف ایمرجنسی آرڈیننس کے حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا اعتراض دور کر دیا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے کرونا ریلیف آرڈیننس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ گیس و بجلی کا معاملہ وفاقی دائرہ کار میں آتا ہے۔ اب اطلاعات ہیں کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بجلی،گیس بل میں رعایت سے متعلق اعتراض دورکر کے آرڈیننس منظوری کے لیے گورنر سندھ کو بھجوا دیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے آرڈیننس سے بجلی گیس کیبل میں رعایت کی شق خارج کر دی جس کی صوبائی محکمہ قانون اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی منظوری دے دی ہے۔ ریلیف آرڈیننس کے تحت دکان، مکان، دفتر کے کرائے کی ادائیگی مؤخر کی گئی ہے جب کہ آرڈیننس کے تحت عوام کو پانی کے بل کی ادائیگی میں رعایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت سندھ کی جانب سے کرونا ریلیف آرڈیننس کے ذریعے صوبے میں کاروباری طبقے کو مختلف ٹیکسز کی ادائیگی بھی مؤخر کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن