جنرل باجوہ کا ایرانی افواج کے سربراہ کو فون، دونوں کا سرحد پر سکیورٹی سخت کرنے کا عزم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل باغیری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاک ایران سرحد کے قریب پاکستانی سکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے پر بات چیت کی۔ دہشت گردوں کے حملے میں 6 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ دونوں کمانڈرز نے سرحد کے اطراف سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کیا ہے۔ بارڈر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔ سرحد پر سمگلنگ کی روک تھام کیلئے بھی دوطرفہ تعاون کی ضرورت ہے۔ یہی راستہ دہشتگرد بھی استعمال کرتے ہیں۔ دونوں فوجی سربراہوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے بھی تبادلہ کیا اور اس حوالے سے بارڈر ٹرمینلز پر انتظامات بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔