• news

کرونا سے بچاؤ کیلئے دنیا کو ایک نقطہ نظر پر اکتفا کرنا ہو گا: شجاعت

لاہور(خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور رکن قومی اسمبلی چودھری سالک حسین سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رکن قومی اسمبلی سردار غوث بخش مہر نے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ملکی سیاسی صورتحال خصوصاً ملک میں تیزی سے پھیلنے والی وبا کرونا سے بچاؤ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ غوث بخش مہر نے شجاعت حسین کو سندھ کی سیاسی صورتحال، کرونا سے متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور راشن کی تقسیم جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا دنیا سمیت پاکستان کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں، طاقت کا محور بدل چکا ہے، یہی وجہ ہے کہ بدلتے ہوئے حالات میں بموں اور میزائلوں کی بالادستی بھی اب بے معنی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بدلتی ہوئی صورتحال میں ایک نئی بین الاقوامی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، کرونا کا مقابلہ اکیلا کوئی ملک نہیں کر سکتا، کرونا وبا سے بچنے کیلئے پوری دنیا کو ایک نقطہ نظر پر اکتفا کرنا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن