• news

گوجرانوالہ: اسسٹنٹ لائن مین ہیوی تاروں کی مرمت کے دوران کرنٹ سے جھلس کر ہلاک

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گیپکو کا اسسٹنٹ لائن مین تار کی مرمت کرتے ہوئے کرنٹ سے بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گیپکو کینٹ سب ڈویژن میں تعینات اسسٹنٹ لائن مین شکیل مسیح، راہوالی کے قریب شوگر ملز فیڈر پر تاروں کی مرمت کا کام کر رہا تھا جو کرنٹ لگنے سے بری طرح جھلس گیا اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ نعش کو ابتدائی تحقیقات کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ متوفی فرید ٹاؤن گوجرانوالہ کا رہائشی اور دو کمسن بچوں کا باپ تھا۔ متوفی کے وارثان کا کہنا ہے کہ گیپکو قوانین کے مطابق اسسٹنٹ لائن مین کو ہیوی تاروں کی مرمت کے کام کی اجازت نہیں ہوتی۔ لیکن کام چور عملے نے شکیل مسیح سے زبردستی کام لینے کی کوشش کی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے سی پی او اور گیپکو چیف سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن