اسمبلی اجلاس میں سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے:فواد چوہدری
اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسمبلی اجلاس میں محض سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کو خط لکھا ہے کہ ممبران کو اکٹھا کیا ہے تو پہلے انہیں ماہرین سے بریفنگ دلوائیں کہ کرونا وائرس ہے کیا؟۔ بریفنگ دلوائیں کہ وائرس پھیل کیوں رہا ہے، اس پر ریسرچ کس سٹیج پر ہے، دنیا کب تک اس کا علاج دریافت کرسکتی ہے؟ ،بریفنگ دلوائیں 5 پاکستانی یونیورسٹیز نے کرونا وائرس کی ساخت پر سٹڈی کی ہے، ان کی ریسرچ کیا کہتی ہے؟۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں محض سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے ۔یہ کام تو پریس کانفرنس کر کے بھی ہو سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایسے اجلاس کا کیا فائدہ کہ ایک اِدھر سے سیاسی تقریر کرتا ہے، دوسرا ادھر سے نِشتر چلاتا ہے، اللہ اللہ خیر صلہ۔