• news

سراج الحق کی پرتگالی سفیر سے ملاقات‘ کشمیر میں لاک ڈائون کے خاتمے پر اتفاق

(لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پرتگال کے سفیر پائولونیوس پوسینہوسے پرتگال کے سفارتخانے میں ملاقات کی اور کرونا وائر س کی وجہ سے ہونیوالی اموات پر اظہار افسوس کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے عوام کے باہمی روابط بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں کے عوام کے باہمی میل جول سے تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ کشمیر سے لاک ڈائون کا فوری خاتمہ ہونا چاہئے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر پر کئی دہائیوں سے حل طلب ہے۔ یورپی یونین کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردارادا کرنا چاہئے، ہم چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر یورپین یونین کے ذریعے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو۔ دونوں رہنمائوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر حل اور انسانی حقوق کی پامالی کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ ملاقات میں قائم مقام ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبد القدوس منہاس بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن