نیب نیازی گٹھ جوڑ پراپیگنڈا کرکے چینی، گندم ، بی آر ٹی پشاور میں کرپشن چھپا رہا ہے: شہباز شریف
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہمیشہ عدالتوں سے راہ فرار اختیار کرتا ہے، عمران خان میڈیا پر روایتی ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنی ناقص طرز حکومت اور نااہلی نہیں چھپا سکتے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ افسوس ہوتا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہمیشہ عدالتوں سے راہ فرار اختیار کرتا ہے۔ عمران خان نے پانامہ کیس میں خاموش رہنے کیلئے 10 ارب روپے کی رشوت کی آفر کا الزام عائد کیا، پھر مجھ پر ملتان میٹرو پراجیکٹ میں کرپشن کا ایسا الزام لگایا گیا جو چینی حکومت نے مسترد کر دیا۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان تک ان حوالوں سے ایک بھی ثبوت عدالتوں میں پیش نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا نیازی گٹھ جوڑ پر افسوس ہے۔ میڈیا پر پراپیگنڈے کے پرانے اور گھسے ہے ہتھکنڈے استعمال کر کے اپنی بدترین نااہلی، چینی، گندم اور ادویات اور بی آر ٹی پشاور میں اپنی کرپشن چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ کوئی پراپیگنڈا آپکی نااہلی اور بدحکمرانی کو نہیں چھپا سکتا۔