بلوچستان پاکستان کا مستقبل، خوشحالی کی منزل کیلئے صوبائی حکومت اور عوا م سے تعاون فرض: آرمی چیف، سدرن کمانڈ کوئٹہ کا دورہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، چنانچہ یہ ہمارا فرض ہے کہ پرامن اور خوشحال بلوچستان کی منزل کے حصول کیلئے صوبے کی حکومت اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز دورہ کوئٹہ کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو سدرن کمانڈ میں بریفنگ دی گئی۔ اس دورہ کے موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے گیریژن قرنطینہ سنٹر کا دورہ کیا اور ’’کووڈ۔19‘‘ کے سدباب کیلئے ریلیف سرگرمیوں میں مصروف جوانوں سے ملاقات کی۔ سدرن ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے موقع پر آرمی چیف کو سلامتی کی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کے کام سمیت بارڈر مینجمنٹ کے بارے میں مفصل بریفنگ دی گئی۔ انہیں فوج کی طرف سے سول انتظامیہ کے ساتھ ’’کووڈ۔19‘‘ کے سدباب کیلئے تعاون اور علاقہ کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے اقدامات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ گیریژن قرنطینہ مرکز کے دورہ کے موقع پر آرمی چیف نے صحت کے راہنما اصولوں اور طریقہ کار کے مطابق انتظامات کرنے کی تعریف کی۔ افسروں اور جوانوں کے ساتھ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے ان کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔