• news

لاک ڈائون عام آدمی کی معاشی مشکلات دیکھ کر نرم کیا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مارکیٹوں اور بازاروں میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مارکیٹوں اور بازاروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور پولیس حکام مارکیٹوں اور بازاروں کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات پر عمل کیا جائے۔ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بلاضرورت باہر نہ نکلیں۔ لاک ڈاؤن میں نرمی عام طبقات کی معاشی مشکلات کو مدنظررکھ کرکی گئی اور کاروبار کو ایس او پیز کے ساتھ مشروط کیاگیا ہے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ شہری احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔دریں اثناء سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب انصاف امداد پروگرام کے تحت پہلے 2روز میں مستحق خاندانوں میں 3ارب روپے سے زائد کی مالی امداد تقسیم کی گئی ہے اور اب تک 2لاکھ 70ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو مالی امدادشفاف طریقے سے دے چکے ہیں ۔ کرونالاک ڈاؤن سے 25لاکھ متاثرہ خاندانوں کو 12ہزار روپے فی خا ندان مالی امداد فراہم کررہے ہیں۔ پنجاب بھر میں600سے زائد امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن