وزیر آباد‘ ڈسکہ: 2 خودکشیاں‘ رینالہ خورد میں 4 بچوں کے باپ کی خود سوزی
رینالہ خورد‘ وزیر آباد‘ ڈسکہ (نامہ نگاران+ نمائندگان) رینالہ خورد میں روٹھی بیوی کے نہ ما ننے پر شوہر نے خود سوزی‘ گھریلو جھگڑوں پر وزیر آباد اور ڈسکہ میں 2 نوجوانوں نے خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ راوی کے علاقہ موضع کوٹ سلطان پور میں صدی احمد کی شادی محمد علی کی لڑکی سے ہوئی، چار بچے ہیں۔ بیوی لڑ کر اپنے ماں باپ کے پاس چلی گئی۔ صدی احمد اپنی بیوی کو منانے گیا۔ انکار پر صدی احمد نے تیل چھڑک کر اپنے آپ کو آگ لگا دی اور جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔ نظام آباد محلہ جلال پورہ کے رہائشی امجد نواز نے اکلوتے بیٹے 24 سالہ فہد کو پڑھائی پر توجہ نہ دینے پر سرزنش کی۔ فہد نے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گھولیاں نگل لیں اور دم توڑ گیا۔ ڈسکہ کے نواحی گاؤں دھیدو والی کے 25 سالہ نوجوان صدا نے گزشتہ روز گھریلو حالات سے تنگ آ کر اپنے ڈیرہ پر پھندا ڈال کر خودکشی کر لی جس کی نعش کو سول ہسپتال پہنچا دیا گیا۔