کرونا: نینسی پلوسی نے 3 کھرب کا امدادی بل پیش کر دیا، مسترد کرتے ہیں: ری پبلکن پارٹی
واشنگٹن(نیٹ نیوز)سپیکر ایوان نمائندگان نینسی پلوسی نے امریکیوں کے لیے 3 کھرب ڈالرز کا بڑا وائرس بل متعارف کرا دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیموکریٹ پارٹی نے 3 کھرب ڈالرز کا نیا امدادی پیکج متعارف کرا دیا ہے، جسے ’ہیروز ایکٹ‘ کا نام دیا گیا ہے، اس ایکٹ پر جمعے کو ووٹنگ کا امکان ہے۔بل میں ریاستوں اور مقامی حکومتوں کے لیے ایک کھرب ڈالرز رکھے گئے ہیں، 200 ارب ڈالرز ملازمین کی تنخواہوں اور 75 ارب کرونا ٹیسٹنگ کے لیے مختص کیے گئے ہیں، بل میں 4 افراد پر مشتمل ہر خاندان کے لیے 6 ہزار ڈالرز بھی مختص کیے گئے ہیں۔تاہم دوسری طرف حکمران ری پبلکن پارٹی نے نئے امدادی پیکج کو مسترد کر دیا، ری پبلکن سینیٹر جان باروسو کا کہنا تھا کہ کرونا کے حوالے سے ابھی نئی فنڈنگ کی ضرورت نہیں، یہ بل منظور نہیں کیا جائے گا۔ادھرسپیکر ایوان نمائندگان نینسی پلوسی کا کہنا تھا متاثر ہونے والے خاندانوں کی پریشانیاں ختم نہیں ہوئیں، کرونا کی موجودہ صورت حال ایک تاریخی چیلنج ہے، بھوک وقفہ لیتی ہے نہ کرایہ، نوکری جانے کی تکلیف اور کسی پیارے کا چلے جانا بھی وقفہ نہیں لیتا، امریکی عوام کی ضروریات پوری کرنے کا یہ اہم وقت ہے۔