مغربی ملکوں کا خیال تھا ایران کرونا کا مقابلہ نہیں کر سکتا، کامیاب مہم نے غلط فہمیاں دور کر دیں: حسن روحانی
تہران(صباح نیوز)ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ایران کی جانب سے اٹھائے گئے موثر اقدامات نے ایرانی نظام، حکومت اور عوام سے متعلق بہت سی غلط فہمیوں کو دور کر دیا ہے ۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے صدرنے تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں اور مدارس کے عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی روک تھام میں ایران کی کارکردگی کے پیش نظر بہت سارے ملکوں نے ایران کی اچھی اورعمدہ کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ایران میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات نے ایرانی نظام، حکومت اورعوام سے متعلق بہت سی غلط فہمیوں کو دور کر دیا۔مغربی ممالک کا خیال تھا ایرانی عوام پابندیوں اور دبا ئوکے سامنے صرف چند مہینوں کیلئے مزاحمت کر سکتے ہیں اور جب کرونا وائرس پھیل گیا تو انہوں نے سوچا کہ سخت پابندیوں اور محدود مالی وسائل کا حامل ملک ان مشکلات کا مقابلہ نہیں کر سکے گا۔صدر روحانی نے وائرس سے نمٹنے کیلئے ایران کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں وینٹی لیٹر مشینوں، این 95 ماسک اور کرونا وائرس ٹیسٹ کٹس کی تیاری میں اس سطح پر پہنچ گئے ہیں کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ دوسرے ملکوں کو بھی ان طبی سامان کی برآمدات کر سکتے ہیں جو انتہائی قابل قدر ہے۔