• news

شہباز شریف کا کسی کمپنی‘ چیک سے تعلق نہیں‘ الزامات فراڈ ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہبازشریف پر الزامات کی تردید اور حکومتی الزامات کو عوام سے فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف کا کسی کمپنی اور چیک سے کوئی تعلق نہیں۔ شہباز شریف پہ الزامات کی دھند میں کرونا سے مرتے ہوئے پاکستانیوں کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر شہباز شریف کا کسی کمپنی، کسی چیک سے کوئی تعلق ہوتا، کوئی کرپشن ہوتی تو نیب سپریم کورٹ سے شہباز شریف کے خلاف درخواست واپس نہ لیتا۔ انہوں نے کہاکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی عدالتوں میں ناکامی اب میڈیا ٹرائل میں تبدیل ہوگئی ہے۔ شہباز شریف کے خلاف کرپشن، کمیشن، یا سرکاری خزانے سے ایک دھیلے کی بھی کرپشن کا ثبوت ہے تو عوام کے سامنے لائیں۔ جن کمپنیوں اورچیکس کا کرائے کے معاون خصوصی شہزاد اکبر ذکر کررہے ہیں ، انہیں پی آئی ڈی نہیں، عدالت لے کر جائیں۔ شہزاد ا کبر اگلی پریس کانفرنس عمران صاحب کے اربوں روپے کے 23 خفیہ اکاونٹس، فارن فنڈنگ، مالم جبہ، ہیلی کاپٹرکیسز پر کریں۔ بلین ٹری سونامی، 100 ارب کے بی آر ٹی کھڈوں، 500 ارب آٹا چینی اور 580 ارب سے زائد ادویات کے ڈاکے پراگلی پریس کانفرنس کریں اور شواہد قوم کے سامنے پیش کریں۔ شہزاد اکبر اگلی پریس کانفرنس میں 507 ارب کی مہنگی چینی بیچنے، سبسڈی دینے اور ایکسپورٹ کا فراڈ کرنے والوں کے ڈاکے کی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کریں۔ اگلی پریس کانفرنس میں فارن فنڈنگ کے وہ چیک پیش کریں جن پر عمران صاحب نے دستخط کئے ہیں اور ان کی چوری سٹیٹ بنک کا ریکارڈ بن چکی ہے۔ عمران کی منی لانڈرنگ، حوالہ اور ہنڈی کا الیکشن کمشن میں چھپایا گیا ریکارڈ عوام کے سامنے پیش کریں۔ حکومت کی طرف سے جھوٹ بلوانے اور چھپوانے کے لئے میڈیا کو استعمال کیا جاتا ہے۔ اربوں کھربوں کے بجلی، موٹرویز، سڑکوں، ہسپتال، سکول منصوبوں میں دھیلے کا کمشن، کک بیک یا اختیارات کا غلط استعمال ثابت نہیں ہوسکا۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے پاس کسی قسم کا کرپشن کا ثبوت موجود ہوتا تو پی آئی ڈی میں جھوٹے دستاویز نہ لہرائے جاتے، عدالت میں پیش کئے جاتے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ حمزہ شہباز شریف 10 ماہ سے حراست میں ہیں، اگر اتنے ثبوت موجود ہیں تو پھر ریفرنس دائر کیوں نہیں ہوسکے۔

ای پیپر-دی نیشن