سیاست کو کرپشن سے پاک کیا، پنجاب کا کلچر بدل گیا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی عثمان بزدارسے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ کی سرکردہ سیاسی شخصیات، سابق ناظمین اور سابق چیئرمینوں نے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چیف آف کھیتران سردار حافظ اورنگزیب خان کھیتران، ن لیگ کے سابق ایم پی اے ممتاز خان بھٹو قیصرانی، سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل جاوید اقبال قیصرانی، ضلع کونسل کے سابق ارکان اور چیئرمینوں نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب کے ہر پسماندہ علاقے کی نمائندگی خود کرتا ہوں۔ سیاست کو کرپشن سے پاک کیا ہے۔ کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ پنجاب کا کلچر بدل گیا ہے اور اب انتظامیہ کے پاس کوئی ناجائز کام لے کر نہیں جاتا۔ کرونا سے بچائوکے اقدامات کاجائزہ لینے کے لئے 18اضلاع خود وزٹ کئے ہیں اور وہوا جیسی پسماندہ تحصیل کا دورہ کرنے والا پہلا وزیراعلیٰ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں پسماندہ علاقوں کا وکیل بن کر بیٹھا ہوں۔ دل چاہتا ہے عوام کا ہر کام کروں۔ جتنے وسائل میسر ہیں اتنے کام ضرور کر کے جاتا ہوں۔ پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر لانا میرا مشن ہے۔ عثمان بزدار نے کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود پولیس افسروں اور جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے افسراور جوان آزمائش کی گھڑی میں دلجمعی سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور ہم پولیس کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ ہیلتھ پروفیشنلز کی طرز پر پولیس کیلئے بھی شہداء پیکیج کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ پولیس میں مرحلہ وار 10ہزار آسامیوں پر بھرتی کی منظوری اور گاڑیاں خریدنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ پولیس عوام کے ساتھ محبت اور احترام کے ساتھ پیش آ کر میری کاوشوں کا صلہ دے۔ وزیر اعلیٰ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ڈیرہ غازی خان کے دورے کے دوران پولیس کے افسروں اور جوانوں سے گفتگو کر رہے تھے۔