• news

حکومت کل سے پورا ہفتہ رات 12 تک کاروبار کی اجازت دے: انجمن تاجران

لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہاکہ حکومت سے طے پانے والے ایس او پیز پر عملدرآمد کے پابند ہیں لیکن حکومت بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ، اپیل ہے کہ پیر کے روز سے پورا ہفتہ رات 12بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ تاجر خریدے گئے مال کی ادائیگیاں کرنے کے قابل ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل اپنے دفتر میں عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اور مارکیٹوں میں سرکلر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے ہر طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال سیل کی شرح کئی گنا کم ہے اور تاجر اونے پونے داموں اپنا مال فروخت کر رہے ہیں۔ تاجروں کو صرف اپنے کاروبار کی پریشانی نہیں بلکہ ہمارے ساتھ لاکھوں کی تعداد میں ملازمین بھی وابستہ ہیں حکومت اتنی مشکلیں ڈالے جتنی ہم برداشت کرسکیں۔ آئندہ بجٹ میں کسی طرح کے مزید ٹیکسز کا بوجھ برداشت نہیں کیا جائے گا اس لئے حکومت نئے ٹیکسز لگانے یا پہلے سے موجود ٹیکسز میں اضافے کی بجائے ان کی شرح میں کمی کرے۔

ای پیپر-دی نیشن