آنیوالے دنوں میں کرونا مزید تباہی لا سکتا ہے‘ عوام گھروں میں رہیں‘ رحمنٰ ملک
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چیئرمین سینٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کرونا مزید تباہی کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے عوام اپنی اور دوسروں کی حفاظت کیلئے سخت اختیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ایک بیان میں انہوں نے عوام سے اپیل ہے کہ وہ گھروں سے نہ نکلیں اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی بتائی تدابیر پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا حکومت مستحق و غریب مریضوں کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے چارجز خود برداشت کرے۔ انہوں نے بتایا میری ہدایات پر سیکرٹری داخلہ نے متعلقہ ادارے کو بروقت غریبوں کے فری کرونا ٹیسٹ کیلئے خط لکھا ہے۔ میں انہیں داد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا حکومت اگر کرونا ٹیسٹ کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتی تو کرونا فنڈ تشکیل دے۔ فنڈ میں مخیر حضرات سے چندہ و عطیات جمع کرنے کی اپیل کی جائے۔ انہوں نے کہا امید ہے کہ غریبوں کے فری ٹیسٹ کے لئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن بھی بھرپور مدد کرے گی۔