• news

صوبوں میں گورنر راج پراپیگنڈا، شرپسند کرونا سمیت مسائل کے حل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں : شبلی فراز

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے سوشل میڈیا پر صوبوں میں گورنر راج کے حوالے سے زیر گردش افواہوں کی تردید کر دی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں اسے ملک دشمن عناصر کا پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت اس وقت کرونا وبا سمیت دوسرے مسائل کے حل لئے بھرپور اور کامیاب کوشش کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کچھ شر پسند عناصر اس طرح کو افواہیں پھیلا کر حکومت کی توجہ ہٹانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے لاک ڈاؤن کھولنے کی مجبوریوں سے آگاہ کیا تھا، عوام ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کریں گے تو ہم بھی مجبور ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت مکمل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتی، ہم کرونا وائرس کے اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے حکمت عملی بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقے پر سخت دباؤ آیا ہے، وزیراعظم نے لاک ڈاؤن کھولنے کی مجبوریوں سے آگاہ کیا تھا، غیر ذمہ داری کا کوئی علاج نہیں، عوام نہیں سن رہے، عوام ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کریں گے تو ہم بھی مجبور ہوں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کسی حد تک برداشت کرلے گی لیکن غیر ذمہ داری سے نقصان ہوگا اسی لیے ہم نے 500 سے زائد مقامات کو سیل کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کے احکامات پر عملدر آمد نہیں ہوگا تو سختی بھی کی جاسکتی ہے۔ حکومت کا کام آسانیاں پیدا کرنا اور عوام کا کام عملدر آمد کرنا ہے۔ رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان میں اللہ کا شکر ہے کرونا نے اندازوں کو غلط ثابت کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ٹیکنالوجی سے لاک ڈاؤن مانیٹر کر رہے ہیں، 500 مقامات سیل کر دیے۔ وقت کیساتھ ہماری مانیٹرنگ بہتر اور موثر ہوتی جارہی ہے، کرونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا۔ شبلی فراز نے دیہاڑی دار طبقے سے متعلق کہا کہ زیادہ عرصے تک لاک ڈاؤن نہیں رکھ سکتے، ہم چاہتے ہیں مزدور طبقے کی روزی چلے اور معاشی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہیں ہوگا مجبوری میں حکومت کو بھی اقدامات اٹھانا پڑیں گے، عوام کو معلومات دینا ہماری ذمہ داری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن