کرونا کے باعث غیر معمولی صورتحال کا سامنا ، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے : عثمان بزدار
لاہور(خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے واسا کے وائس چیئرمین شیخ امتیاز اور ایم ڈی سید زاہد عزیز نے ملاقات کی۔ وزیراعلی عثمان بزدار کو واسا ملازمین کی طرف سے چیف منسٹر فنڈ برائے کرونا کنٹرول کیلئے 40 لاکھ 13 ہزار روپے کا چیک دیا۔ واسا کے گریڈ 16 تک کے ملازمین نے ایک دن، گریڈ 17 سے 19 تک کے افسران نے دو دن اور گریڈ 20 کے افسران نے 3 دن کی تنخواہ چیف منسٹر فنڈ میں عطیہ کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فنڈ میں آنے والی پائی پائی کو دیانتداری سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد پر خرچ کریں گے۔ متاثرین کی مدد کرنا ہماری سماجی، قومی اور دینی ذمہ داری ہے۔ کرونا کے باعث غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے۔ ہنگامی حالات میں ہمیشہ معمول سے ہٹ کر اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پیٹ کاٹ کر وسائل متاثرہ بہن بھائیوں کیلئے مہیا کریں گے۔ وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز احمد اورایم ڈی زاہد عزیز نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریف کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لئے واسا کو مزید جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واسا شہریوں کو پانی مہیا کرنے اور نکاسی آب کے لئے بہترین انداز میں کام کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی یوتھ افیئرز محمد عثمان ڈار نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فورس کے نو جوان خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ یہ نوجوان متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کی نئی مثال قائم کریں گے۔ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں۔ ٹائیگر فورس کے حوالے سے پنجاب لیڈ لے گا۔ محمدعثمان ڈار نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں سات لاکھ نوجوان ٹائیگر فورس کے رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نواب ٹاؤن میں بچے کے قتل کا واقعہ کاسخت نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مقتول بچے کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے نوٹس کے بعد سرگودھا پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے زیادتی کے بعد دس سالہ بچے کے قتل کے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتارکرلیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ معصوم بچے کے قتل میں ملوث ملزم قانون کے تحت سخت سزا کا حقدار ہے۔ زیادتی کے بعد بچوں کو قتل کرنا انسانیت کا قتل ہے - مقتول بچے کے خاندان کو انصاف دلانے کا وعدہ کیا جو پورا کریں گے -