سعودی عرب میں کرفیو کی خلاف ورزی پر ایک دن میں 3 ہزار سے زائد افراد گرفتار، جرمانے
ریاض(اے پی پی) سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ صرف جمعہ کی شب 12 بجے تک مختلف شہروں میں کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر3 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ترجمان کرنل طلال شلہوب نے کرونا وائرس کے حوالے سے یومیہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’کرفیو کا اصل مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں رکھنا ہے تاکہ ان کی صحت اس وبائی مرض سے متاثر نہ ہو۔ کرفیو میں وقفہ اس لیے دیا جاتا ہے کہ انتہائی ضرورت کے امور نمٹائے جا سکیں۔کرنل شلہوب کا کہنا تھا کہ 'سب سے زیادہ خلاف ورزیاں ریاض میں ریکارڈ کی گئیں جہاں 1845 افراد کے چالان کیے گئے۔مکہ میں 281 اور مشرقی ریجن میں 277 افراد کے خلاف کرفیو قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کیا گیا۔