• news

تاجروں‘ عوام کی غیر ذمہ داری ملک کیلئے تباہ کن ہو گی: گورنر

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کرونا بحران سے بے روزگار 10لاکھ غریب خاندانوں میں عید سے پہلے راشن تقسیم کر نے کا ٹارگٹ مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کیلئے بزنس کیمونٹی اور عوام نے غیرذمہ داری کا ثبوت دیا تو یہ ملک وقوم کیلئے تباہ کن ہوگا۔ لاک ڈاؤن سے مڈل کلاس اور مزدور طبقہ زیادہ متاثر ہوا ہے۔ حکومت کو پریشانی ہے کہ لوگ کرونا سے شائد نہ مریں، بھوک سے مر سکتے ہیں۔ مالی امداد پروگرام کے تحت 100 ارب روپے سے زائد تقسیم ہو چکے ہیں۔ کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وہ غریب خاندانوں کی مدد کرنے والے سماجی کارکنوں کے اعزاز میں گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر سرور فاؤنڈیشن کی وائس چیئر پرسن بیگم پروین سرور، اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اب اگر لوگوں نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو کرونا کے مریضوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اگر بزنس کیمونٹی سمیت عوام حفاظتی اقدامات پر عمل کریں تو انشاء اللہ ہم عمران خان کی قیادت میں اس بحران سے بھی نکل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ڈی این کیساتھ ملکر پہلے ساڑھے 7لاکھ غر یب خاندانوں میں راشن تقسیم کر نے کا ٹارگٹ رکھا مگر اب ہم نے اس کو دس لاکھ غر یب خاندان کیلئے کر دیا ہے اور رمضان المبارک کے دوران ہم یہ ٹارگٹ مکمل کر لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن