مودی کرونا سے بڑی بیماری‘ پی ایس ایل میں کشمیر کے نام سے ٹیم بنائی جائے: آفریدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے پاکستان سپر لیگ کے اگلے سیزن میں کشمیر کے نام سے ٹیم شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ شاہد آفریدی ان دنوں اپنی فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے کاموں اور غریب افراد کی مدد کے لیے ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں وہ آزاد کشمیر بھی گئے۔ باغ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بورڈ سے مطالبہ کیا کہ اب جو پاکستان سپر لیگ کا ایڈیشن ہوگا اس میں اگلی ٹیم کشمیر کے نام سے بنائی جائے۔ میں پاکستان سپر لیگ میں اپنے آخری سیزن میں کشمیر کی فرنچائز کی قیادت کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کرونا وائرس سے بھی بڑی بیماری قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار مذہب کی بیماری میں مبتلا ہے اور مذہب کے نام پر مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم کر رہی ہے۔ بھارت کو دنیا و آخرت میں اپنے ہرظلم کا حساب دینا ہوگا اور اپنے آپ کو بہادر سمجھنے والا بھارتی وزیراعظم مودی ایک ڈرپوک شخص ہے جس نے چھوٹے سے کشمیر میں 7 لاکھ سے زائد فوج جمع کر رکھی ہے۔ شاہد آفریدی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام اور پاک فوج کو ان کی جدوجہد پر سلام کیا۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان نے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے پر اقوام متحدہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آج تک سمجھ نہیں سکا کہ اقوام متحدہ کیوں بنی ہے۔ این این آئی کے مطابق شاہد آفریدی نے باغ میں 1300 مستحق افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا۔