میڈیکل، ڈینٹل کالجز کے طلباء کو پروموٹ نہیں کیا جائیگا، عید کے بعد امتحانات ہونگے:وائس چانسلرز
لاہور (نیوز رپورٹر ) میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے طلبہ کو امتحانات کے بغیر اگلی کلاسز میں پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ کرونا کے باعث ملتوی کیے گئے سپلیمنٹری امتحانات عید الفطر کے فوراً بعد جون میں شروع ہوں گے۔ طلبہ امتحانات کی تیاری کریں۔ امتحانات پاس کرنے کیلئے رعائتی نمبر بھی نہیں ملیں گے۔ یہ اعلان پیر کے روز یونیورسٹی آ ف ہیلتھ سائنسز میں صوبے کی سرکاری اور نجی میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔ اجلاس کی سربراہی وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کی۔ اجلاس میں وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، وی سی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان خان، وی سی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر علی چودھری، ریکٹر سپیرئیر یونیورسٹی ڈاکٹر سمیرا رحمن، پرو ریکٹر یونیورسٹی آف لاہور شاہد محمود ملک، پرو وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر اعجاز حسین، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر محمود ایاز، رجسٹرار یو ایچ ایس ڈاکٹر اسد ظہیر، کنٹرولر امتحانات یو ایچ ایس ڈاکٹر ثاقب محمود کے علاوہ ویڈیو لنک کے ذریعے وی سی راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر اور پرنسپل آزاد جموں کشمیر میڈیکل کالج مظفر آباد پروفیسر سروش ماجد نے شرکت کی۔ میڈیکل امتحانات اور آن لائن کلاسز کے حوالے سے یکساں پالیسی مرتب کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ بغیر امتحانات طلبہ کو اگلی کلاسز میں بھیجنے سے میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ عید کے بعد ملتوی کیے گئے امتحانات سماجی دوری کے اصولوں کے مطابق لیں گے۔ پروفیسر عامر زمان خان نے کہا کہ میڈیکل کالجز میں آن لائن کلاسز کا آغاز ہوچکا ہے۔ آن لائن کلاسز کیلئے مائیکرو سافٹ ٹیمز کا سافٹ ویئر استعمال کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کا جاری اکیڈمک سیشن وقت پر ختم کیا جائے گا۔ سیشن آگے نہیں لے جایا جائے گا۔ سیشن 2019-20کے امتحانات اس سال اکتوبر میں شروع ہوجائیں گے۔ میڈیکل یونیورسٹیوں کی جانب سے ایف ایس سی کے امتحانات اور ایم ڈی کیٹ کروانے کی بھی حمایت کی گئی۔ پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ اس حوالے سے پی ایم ڈی سی اور وفاقی حکومت کو تجاویز پیش کریں گے۔ گورنر پنجاب سے بھی درخواست کریں گے کہ یہ اہم معاملہ ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس طلب کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ ستمبر کے آخر تک لیا جاسکتا ہے۔ طریق کار کا فیصلہ پی ایم ڈی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ امتحانات کیلئے کیلنڈر تیار کرلیا گیا ہے۔ پروفیسر عامر زمان خان نے کہا کہ اس اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی منظوری اپنی اپنی اکیڈمک کونسلز سے بھی لیں گے۔ پروفیسر ظفر علی چودھری نے کہا کہ لوگ عید کی تیاریاں بھی تو کررہے ہیں تو امتحانات کی تیاری میں کیا حرج ہے۔