• news

ہم نے عوام کے وسائل بچائے، ماضی میں اجاڑے گئے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کے شہریوں کی سہولت کے لئے فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ کہا کہ منصوبے پر مجموعی طو رپر ایک ارب 76کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ جس میں لینڈ ایکوزیشن بھی شامل ہے۔ فردوس مارکیٹ انڈر پاس پراجیکٹ کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ ایک ارب 9کروڑ روپے لگایا گیا تاہم حکومت نے شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے تعمیراتی لاگت میں 13کروڑ روپے کی خطیر رقم کی بچت کی ہے اور بچت کے بعد منصوبے کی تعمیراتی لاگت 96کروڑ روپے ہوگی۔ پسماندہ علاقوں کے منصوبوں کی طرح لاہور کے اس اہم منصوبے پر پیشرفت کی خود نگرانی کروں گا۔ قومی خزانے کی پائی پائی کے امین ہیں۔ ہم نے عوام کے وسائل بچائے ہیں۔ ماضی میں یہ وسائل اجاڑے گئے۔ ماضی کے دورمیں ترجیح پیسہ بنانا تھا، ہم نے عوام کا پیسہ بچایا ہے۔ بچایا گیا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کررہے ہیں۔ منصوبے کی تعمیر سے فردوس مارکیٹ چوک میں واقع کوئی عمارت متاثر نہیں ہوگی۔ لاہور کے شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کریں گے۔ لاہور میں سیوریج اور پانی کی فراہمی کے نظام کو بھی بہتر بنائیں گے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب انصاف امداد پروگرام اور احساس پروگرام کے تحت 5روز میں مستحق خاندانوں میں6 ارب 53 کروڑ روپے سے زائد کی مالی امداد تقسیم کی گئی ہے اور اب تک  5لاکھ 44ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو مالی امداد شفاف طریقے سے دے چکے ہیں۔ یہ پروگرام غریب آدمی کی معاشی مشکلات کے ازالے کیلئے ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں کرونا وباء سے نمٹنے کے لئے فیصلے مشاورت سے کئے گئے ہیں۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ حکمت عملی۔ اپوزیشن جماعتیں کرونا وائرس پر بھی پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہیں۔ بدقسمتی ہے کہ اپوزیشن نے اہم ترین قومی مسئلے کو بھی سیاست کی نذر کیا۔ لیبز فنکشنل ہیں۔ پنجاب اس وقت دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کر رہاہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے وطن عزیز کو غیرمعمولی حالات کا سامنا ہے۔ کرونا وباء کو شکست دینے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ مارکیٹیں اور بازار کھلنے کے بعد عوام کو مزید ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن