عمران، بزدار پر بھی بدعنوانی کے الزامات، معطل کیا جائے: احسن اقبال
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ میئر اسلام آباد کی طرح عمران خان اور عثمان بزدار پر بھی چینی چوری کے بدعنوانی کے الزامات ہیں۔ عمران خان اور عثمان بزدار کو بھی فوری معطل کیا جائے۔ وزیراعظم نے چیئرمین نیب کو چینی سکینڈل میں تین قربانی کے بکر ے پیش کردیے ہیں۔ نیب بدترین انتقامی احتساب کا ادارہ بن چکا ہے۔ احتساب کو مٹی مٹی کردیا ہے۔ نوازشریف نے عالمی دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکے کرکے بھارت کو ترکی با ترکی جواب دیا۔ مسلم لیگ (ن) 28مئی کو یوم تکبیر جوش جذبے سے منائے گی۔ تمام لیگی کارکن اپنے اپنے گھروں میں یوم تکبیر کے کیک کاٹیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطاء اللہ تارڑ اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے ساتھ پریس کانفرنس میں کیا۔ احسن اقبال نے مزید کہا مشاورتی اجلاس میں طے ہوا کہ اٹھائیس مئی کو ایس او پیز کے تحت مسلم لیگ ن ملک بھر میں یوم تکبیر کو منائے گی۔ سکیورٹی کی صورتحال درپیش ہے اس کے پیش نظر قوم اپنے دفاع و سلامتی پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کرے گی۔ اسلام آباد میئر کو حکومت نے غیر آئینی طور پر معطل کیا ہے اس کی مذمت کرتا ہوں۔چیف جسٹس سپریم کورٹ سے التماس کرتا ہوں اس کا نوٹس لیں۔اس وقت ٹائیگر فورس کو کھڑا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے یہ سیاسی رضاکار ہیں اور یہ غیر قانونی ہے۔ہم پاکستان کے وسائل کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔فارن فنڈنگ میں تحریک انصاف پکڑی گئی ہے یہ فیصلہ آنے پر ڈی نوٹیفائی ہوں گے۔نیب کے چیئرمین عمران خان اور شہزاد اکبر کے اشاروں پر چل رہے ہیں۔عمران خان جتنے بھی لوگ پکڑ لیں ان کی گاڑی چلنے والی نہیں ہے۔ اگر کوئی عقلمند آدمی ہوتا تو ان کی گاڑی آسمان پر جاچکی ہوتی۔ قوم سے یہ سوال ہے نواز شریف کے خلاف پانامہ کا کیس چلایا گیا جس میں ان کا نام نہ تھا۔ کیا پانامہ میں باقی لوگوں کا پیسہ جائز تھا۔ سب کو سمجھ آگئی ہے یہ ن لیگ کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ حکومت کے پاس نہ لاک ڈاؤن کا پلان ہے نہ اٹھانے کا پلان ہے، خطرہ زیادہ ہے۔کرونا سے درخواست ہے کرونا بھائی رحم کرنا یہ نا اہل حکومت ہے۔ شہباز شریف بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ قوم کو ایک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔