• news

کرپٹ لیگ کی قیادت اربوں ڈالر کی چوری پر عدالت سے سزایافتہ ہے: شہباز گل

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ کرپٹ لیگ کی قیادت اربوں ڈالر کی چوری پر عدالت سے سزا یافتہ ہے۔ احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا سہرا ہمارے قابل سائنسدانوں کو جاتا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر بارہا بتا چکے۔1998 کہ نواز شریف ایٹمی دھماکے کرنے سے ڈرتے تھے۔ 1998ء میں پاکستانی سائنسدانوں نے جذبہ حب الوطنی کے تحت حکومت کو ایٹمی دھماکوں پر مجبور کیا۔ یہ لوگ ہر چند روز بعد عوام کو گمراہ کرنے کیلئے نیا شوشہ چھوڑ دیتے ہیں۔ جناب! جعلی ارسطو بھول گئے کہ ان کی حکومت نے اپنے دور میں تاریخی قرضے لیے۔ 20 ارب ڈالر کا سالانہ خسارہ آپ کی معاشی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔ خوش قسمتی سے پاکستانی عوام ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ ن لیگ کی قیادت کے بھارت کیساتھ ملکی نہیں ذاتی نوعیت کے تعلقات تھے۔ شریف فیملی کے بھارتی سرمایہ داروں کے ساتھ ذاتی کاروباری مراسم تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں مسلمانوں کے قاتل مودی کو آپ خاندانی تقریبات میں بلاتے ہیں۔ جندال کو آئین پاکستان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر ویزا مری ملاقات کے لیے بلایا گیا۔ علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں شہباز گل نے کہا کہ بلومبرگ کے مطابق بھارت کو تاریخ کی سب سے بدترین کساد بازاری کا سامنا ہے۔ سابق وزیراعظم عباسی صاحب مودی کے اقدامات اور لاک ڈاؤن کی مثالیں دیتے نہیں تھکتے تھے۔ محترم دور اندیش تو ہیں مگر منفی سینس میں ان کی خواہش تھی کہ خدانخواستہ پاکستان میں بھی یہی حالات ہوں اور یہ سیاست کرسکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن