پاکستان کا افغانستان میں سیاسی قیادت کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم
اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان نے افغانستان میں سیاسی قیادتکے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان قیادت کے آپس میں ہونے والا معاہدہ اہم ہے، یہ انتہائی اہم ہے کہ تمام افغان لیڈر مل کر کر کام کریں، پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے حمایت جاری رکھے گاتفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سیاسی قیادت کے درمیان معاہدے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ مل کر کام کرنا افغان عوام کے مفاد میں ہے، اور اس سے افغانستان میں استحکام آئے گا، بلاشبہ امریکا طالبان معاہدے نے تاریخی مواقع پیدا کیے ہیں، اب تمام افغان پارٹیاں امن معاہدے کا احترام کریں، پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان صدر اشرف غنی اور ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے اپنے سیاسی اختلافات کو ختم کرتے ہوئے اقتدار میں شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کر دیے ، بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان صدر کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں معاہدے پر دستخط کا اعلان اور اقتدار میں شراکت داری کی تصدیق کی گئی۔اشرف غنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اعلی قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ ہوں گے اور ان کی ٹیم کے ممبران کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔