کرونا: امریکہ کو شدید مالی بحران کا سامنا، بیروزگاری میں اضافہ ہو گا: فیڈرل ریزرو
واشنگٹن (این این آئی)امریکی فیڈرل ریزرو کے سربراہ نے کہا ہے کہ عالمی وبا کرونا وائرس سے امریکہ شدید مالی بحران کا سامنا کر رہا ہے تاہم ملک کو 1930 جیسے مالی بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔فیڈرل ریزرو کے سربراہ پاول جرام نے امید ظاہر کی ہے کہ ملکی معیشت رواں برس کے آخر میں بحال ہو جائے گی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دنیا کی طاقتور معیشت کرونا وائرس کی وبا سے پہلے مضبوط تھی لیکن اس وبا کی وجہ سے ملک میں کاروبار بند ہوا۔اعداد وشمار کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کے باعث 30 ملین سے زیادہ ملازمتیں متاثر ہوئی ہیں۔فیڈرل ریزرو کے سربراہ پاول جرام نے امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ’اپریل اور جون سے متعلق اقتصادی ڈیٹا بہت خراب ہوگا۔ معاشی سرگرمیوں میں بڑی حد تک کمی آئے گی اور بے روزگاری میں بھی بہت اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس سہ ماہی میں امریکی معیشت 20 سے 30 فیصد تک گر سکتی ہے لیکن یہ گزشتہ صدی کے معاشی بحران سے بہت حد تک کم ہوگا۔فیڈرل ریزرو کے سربراہ نے کہا کہ ان کے خیال میں تیسری سہ ماہی میں معاشی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی لیکن انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ معمول کی جانب واپس ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے دنیا میں سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہوا ہے جہاں 91 ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔