• news

پاکستان ریلوے آج سے 30ٹرینوں کا محدود آپریشن شروع کریگا

لاہور( این این آئی )وزیر اعظم عمران خان کی اجازت سے پاکستان ریلوے آج ( بدھ )سے 30ٹرینوں کا محدود آپریشن شروع کرے گا،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پہلی بار 500، دوسری بار1000روپے اور تیسری مرتبہ اگلے سٹاپ کرنے والے سٹیشن پر ٹرین سے اتار دیا جائے گا۔ جزوی طور پر شروع کی جانے والی ٹرینوں میںپشاور،کراچی،پشاورخیبر میل اور عوام ایکسپریس، کوئٹہ،پشاور،کوئٹہ جعفر ایکسپریس، کراچی،راولپنڈی کراچی کے درمیان تیز گام، گرین لائن، پاکستان ایکسپریس، راولپنڈی،ملتان،راولپنڈی کے درمیان مہر ایکسپریس، راولپنڈی، لاہور،راولپنڈی کے درمیان سبک رفتار، اسلام آباد ایکسپریس، کراچی، لاہور، کراچی کے درمیان پاک بزنس، قراقرم ایکسپریس، شاہ حسین، کراچی،لالہ موسی،کراچی کے درمیان ملت ایکسپریس، کراچی،سیالکوٹ،کراچی کے درمیان علامہ اقبال ایکسپریس، جیکب آباد، کراچی، جیکب آباد کے درمیان سکھر ایکسپریس شامل ہیں۔پاکستان ریلوے کے ترجمان نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں،انتہائی ایمرجنسی میں کم سے کم افراد کے ساتھ سفر کریں، ٹرین پر سفر کرنے کیلئے مسافروں کو درج ذیل ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ضروری ہوگا۔ ٹرینوں کی بکنگ صرف آن لائن ٹکٹنگ کے ذریعے ہوگی، بکنگ آفسز بند رہیں گے،60فی صد ایکوپنسی کے بعد بکنگ بند کردی جائے گی،مختلف سٹیشنوں پر سینی ٹائزر واک تھرو گیٹوں کی تنصیب کی جائے گی،مسافروں کو ٹرین کی روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے سٹیشن میں داخلہ کی اجازت ہوگی،مسافروں کی فیملی انہیں چھوڑنے نہیں آسکتی،ریلوے سٹیشن سے 200میٹر تک ایریا غیر ضروری افراد کیلئے بند کردیا جائے گا،ٹرین کے سٹاپ والے سٹیشنوں پر میڈیکل آفیسر اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کیلئے سٹاف کی تعیناتی کر دی گئی ہے، دورانِ سفر تمام مسافروں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا، مسافر ماسک ، سینیٹائزر، دستانے اور صابن اپنے ہمراہ رکھیں۔ واضح رہے کہ اگر کوئی مسافر ان ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سماجی فاصلہ برقرار نہیں رکھے گا تو اسے پہلی دفعہ 500روپے جرمانہ، دوسری دفعہ 1000روپے اور تیسری دفعہ اسے اگلے سٹاپ کرنے والے سٹیشن پر ٹرین سے اتار دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن