ایشیائی ترقیاتی بنک نے پاکستان کیلئے 30کروڑڈالر امدادی قرض کی منظوری دیدی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کرونا وائرس کی وبا کے دوران پاکستان کے نظام صحت کو مضبوط بنانے اور غریب و مستحق افراد کی مدد کے لیے 30 کروڑ ڈالر کے امدادی قرض کی منظوری دے دی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کا یہ قرض ہسپتالوں کے لیے میڈیکل سپلائی اور محکمہ صحت کے عملے کے لیے حفاظتی سامان کی خریداری، رضاکاروں کی تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ امدادی رقم دور دراز علاقوں میں ریسکیو سرگرمیاں انجام دینے کے لیے ایمرجنسی گاڑیوں کی خریداری اور جن علاقوں میں انٹرنیٹ اور ٹیلی ویژن کی سہولیات میسر نہیں وہاں محروم طبقے میں کرونا وائرس کے حوالے سے آگاہی بیدار کرنے کے لیے بھی استعمال کی جائے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر شیزن چین نے کہا کہ کورونا وائرس کے پاکستان کے عوام کی صحت اور مالی حالات پر بہت برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اس منصوبے کے ذریعے فنانسنگ کر کے ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان میں نظام صحت کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور مستحق خواتین اور اہلخانہ کو فوری مدد فراہم کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان کے پڑوسی ممالک اور وسطی ایشیا کے علاقائی معاشی تعاون میں معلومات کے تبادلے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ پاکستان کو فراہم کیے جانے والے قرض میں 50 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم ناروے کی حکومت نے دی ہے جو ایشیائی ترقیاتی بینک کے ذریعے ادا کی جائے گی۔