• news

مسائل عوام کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں، کارکن ساتھ دیں : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی اور دیگر رہنمائوں نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس کیلئے پروفیشنلز کو سامنے لانا ہوگا۔ عوام کی خدمت کیلئے پارٹی کی تجاویز اور سفارشات کا خیرمقدم کریں گے۔ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں، کارکن ساتھ دیں۔ سیاسی نوازشات کا دور ختم ہوا، بورڈ اور کمیٹیوں میں صرف پروفیشنلز آئیں گے۔ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کا بورڈ از سر نو تشکیل دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن میں طلبہ کی مانیٹرنگ کا فول پروف نظام وضع کیا جائے گا۔ پنجاب میں عوامی نمائندگان کو فہرستیں فراہم کرکے انصاف امداد پروگرام کی ری چیکنگ کی جائے گی۔ صوبے میں انصاف امداد پروگرام کے ذریعے تقریباً 3 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ عثمان بزدار کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے کیلئے اضلاع اور تحصیلوں میں اعزازی سیکرٹری گڈ گورننس مقرر کئے گئے ہیں۔ یوٹیلٹی سٹورز اور لوکل مارکیٹوں میں مخلص کارکنوں کے ذریعے پرائس مانیٹرنگ کریں گے۔ عثمان بزدار نے بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کیچ میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی اور دعائے خیر کی۔ ویب سائٹ بھی لانچ کی۔ وزیراعلیٰ انٹر میڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت پہلی لوکل گورنمنٹ اکیڈمی ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مالی اشتراک سے تعمیر کی جائے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی ایک ارب 86 کروڑ 38 لاکھ روپے کی لاگت سے 18 ماہ میں مکمل کی جائے گی۔ علاوہ ازیںتحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری کا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اعجاز احمد چوہدری نے سردار عثمان بزدار سے پنجاب میں کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن