• news

دہشتگردی ، کبھی فرقہ واریت، بعض قوتیں پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں : شاہ محمود

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کو خطے کے استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی قوتیں بھی ہیں جو پاکستان کو کسی بھی صورت مستحکم دیکھنا نہیں چاہتیں۔ دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیان میں کہا کہ ایسی قوتیں موجود ہیں جو پاکستان کو مستحکم دیکھنا نہیں چاہتیں اور مختلف طریقوں سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی یہ لوگوں کو بھجوا کر دراندازی کرتے ہیں جس کی مثال کلبھوشن کا کیس ہے وہ جس طرح گرفتار ہوا وہ بھی پوری قوم کے علم میں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کبھی یہ قوتیں فرقہ واریت کو ہوا دیتی ہیں۔ کبھی دہشت گردی کی آڑ لیتی ہیں۔ بھارت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیاں کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کو متعدد بار آگاہ کر چکا ہے کہ بھارت جھوٹے فلیگ آپریشنز کے لیے کسی بہانے کی تلاش میں ہے۔ عالمی برادری کو ان حالات کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب دنیا پاکستان سے تقاضا کرتی ہے کہ ہم خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں تو ہم افغان امن عمل میں، خلوص نیت کے ساتھ اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتے ہیں، جس کو سراہا بھی جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں دیرپا امن قائم ہو۔ ہم چاہتے ہیں کہ بین الافغان مذاکرات آگے بڑھیں اور ہم اس کی پوری حمایت کر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے قبائلی علاقوں کو جس طرح دہشت گردوں سے پاک کیا ہے اسے دنیا جانتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اندرونی محاذ پر جو اقدامات کیے ہیں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری کو خطے میں عدم استحکام کے لیے متحرک عناصر کے عزائم کا نوٹس لینا ہو گا۔ دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پارلیمانی کمیٹی برائے امور کشمیر کے چیئرمین شہریار آفریدی نے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے پارلیمانی کمیٹی کشمیر کا چیئرمین تعینات ہونے پر شہریار آفریدی کو مبارکباد دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے 80لاکھ شہری 288دن سے بدتر ین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔ بھارتی فوج نہتے کشمیری نوجوانوںکو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔ ہندوتوا سوچ کی حامل بھارتی سرکار کے پس پردہ عزائم سے عالمی برادری کو متواتر مطلع کرتے آرہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن