• news

سفارتی مشنز پر تعینات افسروں کو سرمایہ کاری لانے کیلئے خصوصی ٹاسک دیں گے: عبدالرزاق دائود

لاہور( آن لائن )وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستان سفارتی مشنز میں تعینات کامرس اینڈ انویسٹمنٹ افسران کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری لانے کے لئے مارکیٹنگ کے خصوصی ٹاسک دیئے جائیں گے۔ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کا یہ ترجیحی خصوصی اقتصادی زون سی پیک منصوبے کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں منعقدہ اجلاس کے دوران فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دیگر تکنیکی ماہرین کے علاوہ چیف آپریٹنگ آفیسر محمد عامر سلیمی بھی موجود تھے۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ 50 سے زائد ممالک میں تعینات یہ ٹریڈ اور سرمایہ کاری افسران متعلقہ ممالک سے متوقع سرمایہ کاروں کو فیڈمک کے ون ونڈو آپریشن سے مربوط کرنے کے پابند ہوں گے اور ان معاشی زونز کی انتظامیہ کو ان ممالک کے ساتھ تجارتی امکانات کے بارے میں آگاہ رکھیں گے جس سے پاکستانی مصنوعات کے فروغ و مارکیٹنگ اور ملکی برآمدات کا حجم بڑھانے میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن