بھارت پاکستان میں پانی کی صورتحال گھمبیر بنا رہا ہے، بھاشا ڈیم 2028ء تک مکمل ہو گا: چیئرمین واپڈا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے چیئرمین نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں 30 فیصد رقم حکومت دے گی اور یہ منصوبہ 2028 تک مکمل ہوجائے گا۔ اپنے ایک بیان میں چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کہ پانی کیساتھ پاکستان کی توانائی اور فوڈ سیکیورٹی جڑی ہوئی ہے۔ بھارت پاکستان میں پانی کی صورتحال گھمبیر بنا رہا ہے۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پانی کیساتھ پاکستان کی توانائی اور فوڈ سیکیورٹی جڑی ہوئی ہے اور اس وقت پاکستان اپنی ضرورت کا صرف 10 فیصد پانی ذخیرہ کر پاتا ہے لہٰذا دیامر بھاشا اور دیگر منصوبوں کی مدد سے پانی ذخیرہ کی سہولت دْگنا کریں گے۔ چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ واپڈا 9ہزار 400 میگاواٹ پن بجلی پیدا کر رہا ہے اور اسے 14ہزار میگاواٹ تک بڑھائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ دیامر بھاشا پن بجلی کے لیے مجموعی طو ر پر 1400 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ جس میں سے 30فیصد فنڈنگ حکومت کرے گی جب کہ باقی رقم بانڈز سمیت دیگر ذرائع سے حاصل کی جائے گی۔