• news

زرداری سے متعلق جعلی خبریں چلانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے: رحمان ملک

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینٹر رحمان ملک نے آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق جعلی خبریں چلانے والوں کیخلاف سائبر کرائم قانون کے تحت کاروائی کرے۔ بدھ کو ایک بیان میں انہوں نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے سوشل میڈیا پر آصف علی زرداری کے متعلق جعلی خبریں چلانے والے اکائونٹس کے صارفین کی معلومات لیکر کاروائی کرے اور اس سلسلے میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو رپورٹ دے۔ سینٹر رحمان ملک نے کہا کہ کسی بھی شہری یا ادارے کے متعلق جھوٹا پروپیگنڈہ کرنا سائبر کرائمز کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا الحمداللہ سابق صدر آصف علی زرداری تندرست ہیں۔ ذاتی معالجین کی ہدایات پر کرونا وائرس کے پیش نظر آصف علی زرداری نے خود آئسولیشن اختیار کی ہوئی ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے لاہور جیل میں قیدی خواتین سے جنسی زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس و ہوم سیکرٹری پنجاب کو مبینہ ویڈیو و الزامات کی فوری انکوائری کر کے مفصل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے واقعے کا بھی فوری نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے جو خواتین قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک و جنسی زیادتی کی شکایات کی انکوائری کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی ملک بھر کے تمام جیلوں کا جلد دورہ بھی کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن