کرونا: پاکستان میں اموات ہزار سے زائد، کیس 47000: ایم پی ایز شاہین رضا اور فضل آغاز جاں بحق
اسلام آباد ‘لاہور، بیجنگ (لیڈی رپورٹر+خصوصی نمائندہ+نمائندہ نوائے وقت‘ شہنوا) کرونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑ چکا ہے۔ کیسز میں اضافہ جبکہ اموات بھی بڑھ رہی ہیں۔ ملک میں اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 47 ہزار 259 ہوگئی ہے جبکہ اموات 1009 تک جا پہنچی ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سابق گورنر اور ممبر بلوچستان اسمبلی سید فضل آغا کرونا کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے ایک روز کے سب سے زیادہ ایک ہزار17 نئے کیسز کا اضافہ ہوا جبکہ 17 اموات بھی ہوئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 164 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے ایک ہزار 17 کے نتائج مثبت آئے۔ کراچی میں 813 کیسز سامنے آئے، تعداد 18 ہزار 964 ہوگئی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 اموات بھی ہوئیں جس کے ساتھ ہی یہاں مجموعی اموات کی تعداد 316 تک پہنچ گئی۔ پنجاب میں کرونا وبا کے 709 نئے کیسز اور 17 اموات کا اضافہ ہوا۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 16 ہزار 685 ہوگئی۔ اموات 290 تک جا پہنچی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 104 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔ متاثرین کی تعداد 1034 سے بڑھ کر 1138 تک پہنچ گئی۔ محکمہ صحت خبر پختونخوا نے کرونا کے مزید 261 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 6815 ہوگئی۔ صوبے میں وبا سے مزید 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق، اموات کی تعداد 351 ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی اس عالمی وبا کے نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کرونا وبا کے مزید 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔ متاثر ہونے والوں کی تعداد 550 سے بڑھ کر 556 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 133 تک پہنچ گئی۔612 مریض شفایاب ہوگئے۔ جس کے بعد اب تک اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 12489 سے بڑھ کر 13101 تک جا پہنچی۔ پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کرونا وباء سے جاں بحق ہوگئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے بتایا کہ شاہین رضا کی 4 روز قبل طبیعت ناساز ہوئی۔ حالت بگڑنے پر انہیں علاج کے لیے ڈی ایچ کیو شفٹ کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھیں، جس کے بعد انہیں لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔ دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ مرحومہ کی میت ضروری کارروائی کے بعد گوجرانوالہ منتقل کی جائے گی۔ واضح رہے کہ شاہین رضا گوجرانوالہ ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی تھیں ،دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب نے شاہین رضا کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہین رضا پارٹی کا قیمتی اثہ تھیں آج وہ ہم سے جدا ہوگئیں، دونوں رہنمائوں نے غمزہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں برابرکے شریک ہیں۔ گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر میں آج مزید دو کرونا کے مشتبہ مریض چل بسے‘ ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ صحت نے ضروری کارروائی کے بعد کرونا ایس او پی کے مطابق تدفین کروادی ‘ آن لا ئن کے مطابق کھرڑیانوالہ کے علاقہ 266ر ب سے 80سالہ شخص اکبر علی ولدبخش کو سترہ مئی اور ستیانہ کی رہائشی 75سالہ رافعہ زوجہ غلام عباس کو سولہ مئی کوکرونا کی علامات ظاہر ہونے پر گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد داخل کروایا گیا تھا تاہم اسکے کرونا ٹیسٹ لیبارٹری بھجوائے گئے لیکن رپورٹ آنے سے قبل ہی آج دونوں مریض زندگی کی بازی ہار گئے ۔ عالمی وبا قرار دیئے جانے والے کرونا وائرس سے پوری دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ عالمی سطح پر متاثرہ افراد کی تعداد 49 لاکھ 86 ہزار سے زائد ہو گئی۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 70 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 93 ہزار پانچ سو سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ روس میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 99 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 2 ہزار 800 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔ سپین میں متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 78 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح سپین میں مرنے والوں کی کل تعداد 27 ہزار 7 سو سے بڑھ گئی۔ اٹلی میںمتاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 26 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ مرنے والوں کی کل تعداد 32 ہزار ایک سو سے زائد ہو گئی۔ برطانیہ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 48 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 35 ہزار 3 سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔ فرانس میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد اب تک کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں ۔ ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 28 ہزار2 سے بڑھ گئی۔ اموات کی تعداد چار ہزارایک سو سے تجاوز اور 1 لاکھ 51 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ ایران میں کرونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سات ہزار ایک سو سے بڑھ گئیں۔ ایران میں اب تک ایک لاکھ 24 ہزار 603 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں اب تک 19 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد کرونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔ وینزویلا نے کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد کولمبو اور برازیل سے ملنے والی اپنی سرحد سے متصل کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا۔ ترکی نے کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے 15 بڑے شہروں میں سفری پابندیوں میں 15 روز کی توسیع کر دی ہے۔ادھر جاپان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 25 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں۔ بھارت میں ایک دن میں ریکارڈ 5611 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 106750 تک پہنچ گئی ہے۔ مزید 140 افراد ہلاک ہوگئے ہیں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3303 ہوگئی ہے۔