ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کیخلاف حریت کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایل او سی پر فائرنگ کے خلاف اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ حریت رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر فائرنگ سے بیگناہ کشمیری شہید ہوئے، فائرنگ سے املاک اور کرونا ہیلتھ کیئر سسٹم کو بھی نقصان پہنچا۔ مظاہرین مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتہا پسندی اور ریاستی دہشت گردی نامنظور کے نعرے لگاتے رہے۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے نوجوانوں سے عقیدت رکھتے ہیں۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے جائزہ کیلئے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجا جائے۔ مظاہرے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام یادداشت مبصر مشن کو پیش کی گئی جس میں بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں ترک کرے۔