• news

چینی بحران: ’’اہم شخصیات ٹیکس چوری میں ملوث‘‘ انکوائری کمشن رپورٹ آج حکومت کو ملے گی: کارروائی کی سفارش

اسلام آباد (نیوزرپورٹر) چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے والے انکوائری کمشن نے حتمی رپورٹ تیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ رپورٹ آج (جمعرات کو) حکومت کو پیش کی جائے گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیا رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کریں گے، 200 سے زائد صفحات کی رپورٹ کے ساتھ شوگر ملز مالکان کے بیانات بھی لگائے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں اہم شخصیات پر ٹیکس چوری کا الزام عائد کیا گیا ہے اور ٹیکس چوری پر کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں چینی بحران پر ہونے والی اس تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھاکہ ملک میں چینی بحران کا سب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔ چینی بحران کی ایف آئی اے رپورٹ کا اب فرانزک کیا جا رہا ہے جس کی رپورٹ 25 اپریل کو وزیراعظم عمران خان کو جمع کرائی جانی تھی تاہم کمیشن کی درخواست پر اسے مزید تین ہفتوں کا وقت دیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید ایکشن لینے کا اعلان کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن