قیمتوں میں حکومتی مداخلت پر پولٹری ٹریڈرز کی ایک روزہ ہڑتال‘ برائلر8روپے کلو مہنگا
لاہور(کامرس رپورٹر)شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت مزید 8روپے اضافے سے 270روپے فی کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے قیمتوں کے تعین میںمداخلت کو جواز بناتے ہوئے گزشتہ روزہڑتال کرتے ہوئے سپلائی بند رکھی تاہم عوام کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے آج سے ہڑتال ختم کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔ شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت مزید 8روپے اضافے سے 270روپے، زندہ برائلر مرغی5روپے اضافے سے186روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 95روپے فی درجن پر مستحکم رہی۔مرغی کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے بعض مقامات پر برائلر گوشت 300سے 350روپے فی کلو تک فروخت ہوا۔دوسری جانب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر عارف جاوید نے کہا ہے کہ زندہ مرغی 190روپے فی کلو خرید کر کے 178روپے فی کلو پر فروخت نہیں کر سکتے۔ بعد ازاں انہوں نے آج جمعہ سے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات کو پیش نظررکھتے ہوئے فیصلہ واپس لے رہے ہیں، عید الفطر کے بھی یہی صورتحال برقرار رہی تو عدالت سے رجوع کرنے سمیت دیگر اقدامات بھی اٹھائیں گے۔