لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب یہ نہیں کرونا ختم ہو گیا: اعجاز شاہ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملکی معیشت اور مزدور طبقہ کا خیال رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی، لاک ڈاؤن میں نرمی کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ ملک سے کورونا وائرس ختم ہو گیا ہے، کورونا وائرس کے خاتمہ تک ہمیں احتیاطی تدابیر اور حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرنا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے اب تک 980 اموات ہو چکی ہیں، ان حالات میں ضروری ہے کہ ہم کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں۔ ہمیں عید کی خوشیاں مناتے ہوئے بھی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہے، صرف اسی صورت ہی ہم کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں اور مزید کئی عیدیں بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اگر ہم نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو خدانخواستہ صورتحال خطرناک ہو سکتی ہے۔