آج جمعۃ الوداع، یوم تحفظ حرمین شریفین و الاقصیٰ منایا جائیگا
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) پاکستان علماء کونسل و انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کی اپیل پر آج جمعۃ الوداع کو ملک بھر میں یوم تحفظ حرمین شریفین والاقصی منایا بجائے گا۔ اس سلسلہ میں مرکزی پروگرام ’’عظمت حرمین شریفین والاقصی کانفرنس‘‘ آج ساڑھے بارہ بجے جامعہ منظور الاسلامیہ کینٹ صدر لاہور میں زیر صدارت مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ہوگی۔ علماء و مشائخ، آئمہ و خطباء جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھرکے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کریں گے اور حرمین شریفین کی عظمت، دفاع اور سلامتی کے لئے تجدید عہد کریں گے اور دنیا کو یہ بات باور کرائیں گے کہ حرمین شریفین وحدت امت کے مراکز ہیں کوئی مسلمان ان کے دفاع و سلامتی سے غافل نہیں ہوسکتا۔ اس بات کا اعلان طاہر محمود اشرفی، ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ ، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا خان لغاری، مولانا اسد زکریا قاسمی، مولانا عبدالکریم ندیم، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا اسید الر حمان سعید ،مولانا محمد اشفاق پتافی و دیگرنے مشترکہ بیان میں کیا۔ قائدین نے کہا ہے کہ لمحہ موجود میں عالم اسلام جن مسائل اور مصائب کا شکار ہے، انتہا پسنداور اسلام و فوبیاکا شکار گروہ اسلام اور مسلمانوں پر حملہ آور ہیں۔ مقصد ہے پیغام دیا جاسکے کہ الاقصیٰ کی آزادی اور الحرمین الشریفین کے تحفظ اور کشمیر کی آزادی کیلئے پوری امت مسلمہ متحد اور منظم ہے، امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں کرنے والے پہلے کامیاب ہوئے نہ آئندہ ہونگے۔